پٹرولیم قیمتوں کا یومیہ تعین تشویشناک،خواجہ عمار یاسر
ملتان (لیڈی رپورٹر)پاکستان بزنس فورم ملتان کے صدر خواجہ عمار یاسر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور قیمتوں کے روزانہ تعین کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ
اس اقدام نے عوام، چھوٹے تاجروں، محنت کشوں اور تنخواہ دار طبقے کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت بڑھنے کے بعد ملتان کے متعدد پٹرول پمپوں پر ایندھن کی قلت پیدا ہوگئی ہے ، جس کے باعث شہری گھنٹوں قطاروں میں کھڑے رہنے پر مجبور ہیں جبکہ کئی مقامات پر پٹرول دستیاب نہ ہونے سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔خواجہ عمار یاسر کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونے پر حکومت عوام کو فوری ریلیف فراہم نہیں کرتی، لیکن معمولی اضافے کا بوجھ فوری طور پر صارفین پر منتقل کر دیا جاتا ہے ، جو عوامی مفاد کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد اور محدود مقدار میں پٹرول خریدنے والے شہری موجودہ صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھا رہا ہے بلکہ اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا باعث بن رہا ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام پر نظرثانی کی جائے ، عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر فوری ریلیف دیا جائے اور ملتان سمیت ملک بھر میں پٹرول کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments