مزدوروں کوبنیادی حقوق سے محروم کیاجارہا،مقررین
ملتان (لیڈی رپورٹر)پاکستان کی پانچ ٹریڈ یونین فیڈریشنز کے زیر اہتمام ملتان پریس کلب میں جنوبی پنجاب کے مزدور نمائندوں کا ایک روزہ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت انڈسٹری آل گلوبل یونین ٹیکسٹائل و گارمنٹس سیکٹر کی شریک چیئرپرسن زہرا خان نے کی، جبکہ نظامت یوسف انصاری نے کی۔
اجلاس سے نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے ناصر منصور، ضیاء سید، نثار شاہ، نیاز خان، رانا طاہر، اشفاق بٹ، سلیم چشتی اور دیگر مزدور رہنماؤں نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ ملک میں مزدوروں کو ٹریڈ یونین سازی، کم از کم اجرت، سوشل سکیورٹی، پنشن اور دیگر بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے ، جبکہ نجکاری، ٹھیکہ داری نظام، مہنگائی اور بے روزگاری نے محنت کش طبقے کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومتی معاشی پالیسیوں کے باعث صنعتی شعبہ، خصوصاً ٹیکسٹائل و گارمنٹس انڈسٹری، شدید دباؤ کا شکار ہے جس سے ہزاروں مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ لیبر قوانین پر مؤثر عملدرآمد، کم از کم اجرت کی تمام کیٹیگریز کی بحالی، یونین سازی اور اجتماعی سوداکاری کے حق کا تحفظ، ٹھیکہ داری نظام کا خاتمہ، تمام مزدوروں کی سوشل سکیورٹی و پنشن اداروں میں رجسٹریشن، سرکاری اداروں کی نجکاری کا خاتمہ، ریلوے میں ریفرنڈم کا انعقاد، مزدور خواتین کو ہراسگی سے تحفظ اور ٹیکسٹائل و گارمنٹس شعبے میں مقامی و بین الاقوامی لیبر قوانین پر سختی سے عمل یقینی بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments