5550 سرکاری سکول مرحلہ وار آؤٹ سورس کرنے کی منظوری
نجی اداروں سے درخواستیں طلب، اساتذہ تنظیموں کا فیصلے پر تحفظات کا اظہار
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے 5 ہزار 550 سرکاری پرائمری، مڈل اور ہائی سکول مرحلہ وار آؤٹ سورس کرنے کی منظوری دے دی۔ اس سلسلے میں فلاحی تنظیموں، نجی تعلیمی اداروں، غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور دیگر اہل اداروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق آؤٹ سورسنگ پالیسی کے تحت وہی ادارے سرکاری سکولوں کا انتظام سنبھال سکیں گے جو حکومت کی مقررہ شرائط و ضوابط پر پورا اتریں گے ۔ درخواست گزاروں کی جانچ پڑتال کے بعد کامیاب اداروں کو سکولوں کا انتظام حوالے کیا جائے گا۔محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانا، طلبہ کے داخلوں میں اضافہ، اساتذہ کی حاضری یقینی بنانا اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی ہے۔
حکام کے مطابق نجی شعبے کی شمولیت سے کمزور کارکردگی کے حامل سکولوں کو فعال بنانے اور مجموعی تعلیمی نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔محکمہ نے آؤٹ سورسنگ کے لئے منتخب سکولوں کی فہرست جاری کر دی ہے ، جبکہ دلچسپی رکھنے والے اداروں سے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔ سکولوں کی کارکردگی اور انتظامی امور کی نگرانی محکمہ سکول ایجوکیشن مسلسل کرے گا تاکہ پالیسی کے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔دوسری جانب اساتذہ تنظیموں نے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری سکولوں کے نظام، اساتذہ کے ملازمتی حقوق اور طلبہ کے تعلیمی مفادات کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments