کم ازکم اجرت پر عمل یقینی بنایا جائے ،رفیق رجوانہ
بھٹہ مزدورمعاشرے کا اہم ترین طبقہ،محفوظ ماحول دینا حکومتی ذمہ داری
ملتان (لیڈی رپورٹر)بھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لئے سرگرم سماجی تنظیم سپارک کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں لیبر کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت سپارک کے بانی انیس جیلانی ایڈووکیٹ نے کی جبکہ سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ایڈووکیٹ مہمانِ خصوصی تھے ۔ تقریب میں مختلف سرکاری محکموں، سماجی تنظیموں اور مزدور نمائندوں نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ بھٹہ مزدور معاشرے کا اہم محنت کش طبقہ ہیں، جنہیں بنیادی سہولیات، محفوظ ماحول اور قانونی حقوق کی فراہمی ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کم از کم اجرت کے قوانین پر مؤثر عملدرآمد سے مزدوروں کو درپیش کئی مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔سپارک کے بانی انیس جیلانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ انہیں بہتر مستقبل کے مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سپارک تعلیم کے فروغ اور مزدور خاندانوں کی فلاح کے لئے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ۔کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، کم از کم اجرت پر عملدرآمد، فلاح و بہبود اور بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments