ایم ڈی کیٹ کا 16اگست کو انعقاد،1لاکھ 36ہزار طلبہ رجسٹرڈ
ملتان (خصوصی رپورٹر)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے انعقاد کے لئے
تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ ملک بھر سے ایک لاکھ 36 ہزار 86 امیدواروں نے فیس جمع کرانے کے بعد حتمی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے ۔ داخلہ ٹیسٹ 16 اگست کو صبح 10 بجے ملک بھر میں بیک وقت منعقد ہوگا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح ساڑھے 6 بجے سے 7 بجے کے درمیان اپنے امتحانی مراکز پہنچ جائیں۔ تین گھنٹے پر مشتمل ایم سی کیوز پر مبنی امتحان 180 نمبروں کا ہوگا، جبکہ اس میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی۔اعلامیے کے مطابق ایم بی بی ایس میں داخلے کے لئے کم از کم 55 فیصد جبکہ بی ڈی ایس میں داخلے کے لئے 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوں گے ۔ شفافیت یقینی بنانے کے لئے ہر امیدوار کو سوالیہ پرچے کی کاربن کاپی بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے جوابات کا ریکارڈ محفوظ رکھ سکے ۔ امتحان کے اختتام کے فوری بعد آنسر کی پی ایم ڈی سی کی ویب سائٹ پر جاری کر دی جائے گی۔پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کے نتائج 22 اگست تک جاری کئے جانے کا امکان ہے ۔ امتحان کے انعقاد کی ذمہ داریاں پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ میں سکھر آئی بی اے ، خیبرپختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، کوئٹہ کے سپرد کی گئی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments