گرین کراچی شجرکاری مہم ماحولیاتی بہتری کی ضامن، منعم ظفر

گرین کراچی شجرکاری مہم ماحولیاتی بہتری کی ضامن، منعم ظفر

شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے شہر کا ہر فرد اپنا حصہ ڈالے ، سیمینار سے خطاب معاشرے کے ہر فرد کو اس قومی ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، جاوداں فہیم

کراچی (این این آئی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی ’’گرین کراچی شجرکاری مہم ‘‘پورے شہر کی ماحولیاتی بہتری کی ضمانت ہے ،مہم کو کامیاب بنانے کے لیے معاشرے کاہر فرد اپنا حصہ ڈالے ،مہم کے تحت سرکاری اسکولوں، سرکاری اسپتالوں، پارکوں، شاہراہوں اور دیگر اہم عوامی مقامات پر بڑے پیمانے پر درخت لگائے جائیں تاکہ شہر کو سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔درخت انسانی زندگی کی علامت ہیں ،آج لگایا گیا درخت مستقبل کے لیے صدقہ جاریہ بھی ہے ۔ہر شہری اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے اپنے گھر کے باہر، اندر، صحن اور چھت پر پودے لگائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کے زیر اہتمام شہر کو سرسبزوشاداب ، صاف ستھرا اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک بنانے کے لیے جاری شجر کاری مہم کے سلسلے میں منعقدہ ’’گرین کراچی سیمینار ’’سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جبکہ موضو ع کے حوالے سے ایک پینل ڈسکشن بھی ہوا ۔سیمینار سے حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم اورنوشابہ خلیل نے بھی خطاب کیا۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے کراچی آج عملاً کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے ، غیر قانونی تعمیرات کے باعث ہزاروں درخت کاٹے جا چکے ہیں اور شہر میں سبزہ صرف تقریباً 2فیصد رہ گیا ہے ، جو انتہائی تشویش ناک صورتحال ہے ۔جاوداں فہیم نے کہا ہے کہ شجرکاری ایک وقتی سرگرمی نہیں بلکہ مستقل مزاجی، تسلسل اور روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والے عملی اقدامات کا نام ہے ۔ اگر کراچی کو ماحولیاتی آلودگی، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور تباہی سے بچانا ہے تو معاشرے کے ہر فرد کو اس قومی ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...