یونین کونسل دفاترمیں سہولت سنٹرز کے قیام کا پائلٹ منصوبہ شروع
یونین کونسل میں فسیلیٹیشن سنٹر قائم کرکے ایک ماہ تک پائلٹ پراجیکٹ چلایا جائے
ملتا ن(وقائع نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژن بھر کے یونین کونسل دفاتر میں سہولت سنٹرز کے قیام کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوام کو مقامی سطح پر ایک ہی چھت تلے مختلف سرکاری سہولیات کی فراہمی کے لئے پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ ڈویژن کے ہر ضلع میں ابتدائی طور پر ایک یونین کونسل میں فسیلیٹیشن سینٹر قائم کرکے ایک ماہ تک پائلٹ پراجیکٹ چلایا جائے ، جس کی کارکردگی کا جائزہ لے کر اس ماڈل کو مرحلہ وار دیگر یونین کونسلز تک توسیع دی جائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ فسیلیٹیشن سنٹرز میں موجودہ سرکاری عمارتوں، دستیاب آئی ٹی انفراسٹرکچر اور موجودہ عملے کو بروئے کار لا کر شہریوں کو موثر اور معیاری خدمات فراہم کی جائیں گی، جس سے اضافی مالی بوجھ کے بغیر عوامی سہولیات میں بہتری آئے گی۔ تجویز کے مطابق ابتدائی مرحلے میں فسیلیٹیشن سنٹرز پر ڈومیسائل، برتھ و ڈیتھ سرٹیفکیٹس، سوشل ویلفیئر، لائیو سٹاک اور دیگر اہم سرکاری خدمات مرحلہ وار فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے ایک ہی مقام پر رہنمائی اور مطلوبہ سہولیات میسر آ سکیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے عوام دوست وژن کے مطابق ڈویژن بھر میں جدید فسیلیٹیشن سینٹر ماڈل متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز کے قریب آسان، شفاف اور تیز رفتار سرکاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یونین کونسل دفاتر کی مقامی سطح پر افادیت کو موثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے انہیں شہری سہولت مراکز میں تبدیل کیا جائے گا، جس سے گورننس کے نظام میں بہتری آئے گی اور عوام کا قیمتی وقت اور وسائل بھی بچیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments