گرین بس منصوبہ عوامی سہولت کا انقلابی اقدام ،نعیم اختر بھابھہ
طلبہ، ملازمین، خواتین اور بزرگ شہری مستفید ہوں گے ،رہنما ن لیگ
میلسی (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر زراعت نعیم اختر خان بھابھہ نے گرین بس منصوبے کو عوامی سہولت کی فراہمی کی جانب ایک اہم اور انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے بھر میں جدید، آرام دہ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے ۔اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ گرین بس منصوبے سے بالخصوص طلبہ، ملازمین، خواتین اور بزرگ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور کم خرچ سفری سہولت میسر آئے گی، جس سے روزمرہ سفر آسان اور آرام دہ بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور شہریوں کو بہتر ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ کار مسلسل وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ ہر شہر اور قصبے کے عوام ان سہولیات سے یکساں طور پر مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ کا فروغ نہ صرف شہریوں کی سفری مشکلات میں کمی لائے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گرین بس منصوبہ شہری ٹرانسپورٹ کے نظام میں مثبت تبدیلی لاتے ہوئے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments