بورے والا غلہ منڈی میں کسان سہولت سنٹر کا باقاعدہ افتتاح
زرعی ادویات، مشینری پر20فیصد رعایت، فنی رہنمائی ،مشاورت فراہم کی جائیگی
بورے والا (سٹی رپورٹر) غلہ منڈی بورے والا میں کسان سہولت سنٹر کا باقاعدہ افتتاح رکن پنجاب اسمبلی ملک نوشیر خان انجم لنگڑیال نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) بورے والا رانا طارق حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محمد طاہر، پیسٹی سائیڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر ندیم مشتاق رامے ، جنرل سیکریٹری چوہدری محمد ناصر، محکمہ زراعت کے افسران، اہلکاروں اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کسان سہولت سنٹر پر کاشتکاروں کو معیاری زرعی ادویات، زرعی مشینری اور دیگر ضروری زرعی مداخل بیس فیصد رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی، تاکہ انہیں معیاری اشیا مناسب قیمت پر ایک ہی جگہ دستیاب ہو سکیں۔اس موقع پر محکمہ زراعت کے افسران نے بتایا کہ سنٹر پر تربیت یافتہ عملہ ہر وقت موجود رہے گا، جو کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، فصلوں کی بہتر نگہداشت، بیماریوں کے تدارک اور زرعی مشاورت کے حوالے سے فنی رہنمائی فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کسان سہولت سنٹر کے قیام کا مقصد کاشتکاروں کو جدید زرعی سہولیات سے مستفید کرنا، زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا اور انہیں معیاری خدمات ایک ہی مقام پر فراہم کرنا ہے ، تاکہ زرعی شعبے کی ترقی کے ساتھ کسانوں کی پیداواری استعداد میں بھی اضافہ ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments