شہر میں میگا شجرکاری مہم شروع شہر سرسبز بنانے کا فیصلہ

شہر میں میگا شجرکاری مہم شروع  شہر سرسبز بنانے کا فیصلہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں ماحول کو سرسبز اور خوشگوار بنانے کے لئے میگا شجرکاری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔۔

اس سلسلے میں ان کی زیر صدارت بیوٹیفکیشن سکیموں اور شجرکاری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کی خوبصورتی بڑھانے اور شجرکاری کے فروغ کے لئے جامع حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے محمد وسیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے محکمہ جنگلات، پی ایچ اے ، محکمہ تعلیم اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ شہر کے داخلی راستوں، اہم شاہراہوں، گرین بیلٹس، پارکس اور سرکاری عمارتوں کے اطراف ترجیحی بنیادوں پر شجرکاری کی جائے ۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں بھی زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور طلبہ میں ماحول کے تحفظ اور درختوں کی اہمیت سے متعلق آگاہی مہم چلانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں شجرکاری مہم کے ذریعے ماحول کو بہتر، آلودگی کو کم اور شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے شجرکاری مہم کو کامیاب بنایا جائے تاکہ ملتان کو حقیقی معنوں میں سرسبز اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...