نمبردار کنونشن، حکومتی اقدامات میں فعال کردار ادا کرنے پر زور
ڈی سی وہاڑی کی ونڈا جات، گرین سرٹیفکیٹس، شجرکاری، واجبات وصولی کی ہدایت
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال وہاڑی میں نمبرداران کنونشن منعقد ہوا، جس سے ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے خطاب کیا۔ انہوں نے نمبرداروں کو ونڈا جات، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس، سانجھی سبزی پروگرام، ریونیو ریکوری اور دیگر انتظامی امور میں فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نمبردار محض ایک عہدہ نہیں بلکہ ذمہ داری کا نام ہے ، اس لیے حکومت پنجاب کے اقدامات پر عملدرآمد میں بھرپور کردار ادا کیا جائے ۔ عوام کو ونڈا جات اور گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے حصول سے متعلق آگاہی دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ جائیداد کی ملکیت اور قبضے کی قانونی تصدیق میں اہم ہے ، جبکہ مشترکہ کھاتوں کے باعث اراضی کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ نمبردار آبیانہ، زرعی انکم ٹیکس اور دیگر سرکاری واجبات کی وصولی میں بھی تعاون کریں۔ انہوں نے شجرکاری مہم میں حصہ لینے اور نمبرداری گرانٹ کے رقبے پر فی ایکڑ 20 قد آور پودے لگانے کی ہدایت کی۔ سڑکوں کو بلا اجازت کاٹنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرانے کا بھی کہا۔ ڈپٹی کمشنر نے تجاوزات کے خاتمے ، سرکاری املاک کے تحفظ اور مصالحتی کونسل کے ذریعے عوامی مسائل حل کرنے پر زور دیا۔ اے ڈی سی ریونیو صبا سحر نے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے حصول کا طریقہ کار بتایا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments