یو سی سیکرٹری دس ہزار رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار
شہری سے والد کی وفات کا سرٹیفکیٹ ، طلاق نامہ بنانے کیلئے رشوت طلب کی گئی
لودھراں (سٹی رپورٹر)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان ریجن نے کارروائی کرتے ہوئے یونین کونسل نمبر 28 کے سیکریٹری غلام فرید کو 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ کارروائی سرکل آفیسر اینٹی کرپشن لودھراں علی حسن گیلانی کی سربراہی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کی گئی۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے ٹریپ ریڈ کے دوران ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی برآمد کرلی۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم غلام فرید نے ایک شہری سے اس کے والد کی وفات کا سرٹیفکیٹ اور کزن کا طلاق نامہ بنوانے کے عوض 10 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔ شہری کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر اینٹی کرپشن حکام نے کارروائی کا منصوبہ بنایا اور جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ٹریپ ریڈ کی گئی۔حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم نے جیسے ہی شہری سے رشوت کی رقم وصول کی، اینٹی کرپشن ٹیم نے اسے موقع پر گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے رشوت کی رقم برآمد کرکے اسے تحویل میں لے لیا گیا۔اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے ۔ حکام نے کہا کہ سرکاری امور کی انجام دہی کے عوض رشوت طلب کرنے والے اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments