ڈی سی کا مختلف علاقوں کا دورہ،سہولتوں،صفائی کا جائزہ

ڈی سی کا مختلف علاقوں کا دورہ،سہولتوں،صفائی کا جائزہ

ضلعی ہسپتال میں جاری ترقیاتی و بیوٹیفکیشن کاموں اور طبی سہولتوں کو چیک کیا

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب، بازاروں کی خوبصورتی اور صحت مند پنجاب وژن پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے ۔ ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے شہر کے مختلف علاقوں، بازاروں اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کرکے صفائی، جاری ترقیاتی و بیوٹیفکیشن کاموں اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مڈووالا چوک، سنگلوانوالہ چوک، گپی والا چوک اور ملحقہ علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ مختلف گلیوں میں پیدل جاکر صفائی کا جائزہ لینے کے ساتھ صفائی عملے کی حاضری اور دستیاب مشینری بھی چیک کی۔ انہوں نے مقامی رہائشیوں سے ستھرا پنجاب ورکرز کی آمد اور صفائی کے معیار بارے بھی معلومات لیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن عثمان خورشید بھی ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بازاروں کی بیوٹیفکیشن پلان کے تحت جاری کاموں کا بھی معائنہ کیا اور کام کی رفتار، تعمیراتی معیار اور استعمال ہونے والے مٹیریل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام کام مقررہ معیار کے مطابق جلد مکمل کئے جائیں۔ بعدازاں انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں او پی ڈی اور گائنی وارڈ میں طبی سہولیات، پرچی کاؤنٹرز، ڈاکٹرز و عملے کی حاضری اور صفائی کی صورتحال چیک کی۔ انہوں نے ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے زیر علاج مریضوں سے بھی ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو سروسز ڈیلیوری مزید بہتر بنانے اور مریضوں کو بروقت معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ماحول، خوبصورت بازار اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...