مختلف کارروائیاں، اشتہاری و ڈکیتی کے ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد
موٹر سائیکل، نقدی، پسٹل اور کاربین قبضے میں لے لی، پرانا قتل کیس بھی ٹریس کرلیا
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی تصور اقبال کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس تھانہ ماڈل ٹاؤن بوریوالا نے ڈکیتی کے مقدمہ میں گرفتار ملزم شکیل کے انکشاف پر واردات میں استعمال ہونے والا 30 بور ناجائز پسٹل برآمد کرکے اس کے خلاف اسلحہ کا الگ مقدمہ درج کرلیا۔ تھانہ مترو پولیس نے 4 سال سے مفرور اشتہاری ملزم اقبال ولد محمد بخش اور 3 سال سے مفرور عبدالعزیز ولد پیر بخش کو گرفتار کرلیا۔ اسی تھانے کی پولیس نے ڈکیتی کے مقدمہ میں گرفتار ملزم مظہر کے انکشاف پر واردات میں استعمال ہونے والی 12 بور ناجائز کاربین برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ تھانہ گڑھا موڑ پولیس نے موٹر سائیکل ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث عمران حمید اور حمزہ مصطفیٰ کو گرفتار کرکے مسروقہ موٹر سائیکل، نقدی اور 30 بور پسٹل برآمد کرلیا۔ برآمد شدہ موٹر سائیکل اور نقدی متعلقہ مدعیان کے حوالے کردی گئی۔ دوسری جانب تھانہ ٹبہ سلطانپور پولیس نے 2021 میں لاپتہ ہونے والی آمنہ بی بی کے قتل کا سراغ لگا لیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کا خاوند محمد فیاض مبینہ طور پر قتل میں ملوث نکلا، جو اہل خانہ سمیت اسلام آباد منتقل ہوکر روپوش تھا۔ اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ شریف میں لاش ملنے پر نامعلوم مقدمہ درج تھا۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں روانہ کردی گئیں جبکہ اس کے بھائی اور والدہ کو بھی تفتیش میں شامل کیا گیا ہے ۔
تھانہ شیخ فاضل پولیس نے گمشدہ بچے ارسلان کو قلیل وقت میں تلاش کرکے بحفاظت والد کے حوالے کردیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments