تھائی لینڈ کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع،مقررین
بیرون ملک مقیم پاکستانی پیشہ ورانہ ،معاشی سرگرمیوں کے ذریعے ملک کا تشخص ابھاریں
ملتان (لیڈی رپورٹر)تھائی لینڈ میں پاکستان کے 61ویں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں تھائی حکام، مختلف ممالک کے سفارتکاروں، دفاعی اتاشیوں، صحافتی و کاروباری شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوستانہ تعلقات، باہمی احترام اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔تقریب کے دوران پاکستان کی دفاعی تاریخ، قومی عزم اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔جبکہ دستاویزی فلم کے ذریعے دفاع وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی خدمات اور قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھی باہمی احترام اور دوستی کے مضبوط رشتے موجود ہیں۔ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت، ثقافت، کھیل، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔تقریب میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی پیشہ ورانہ اور معاشی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ تھائی لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کے فروغ میں پل کا کردار ادا کر رہی ہے ۔شرکاء کا کہنا تھا کہ یومِ دفاع و شہداء صرف ماضی کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن نہیں بلکہ قومی اتحاد، امن، ترقی اور ملکی استحکام کے عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments