پٹرولیم مصنوعات مہنگی، کرمپور میں ٹیکسی کاروبار تباہ
کرایوں میں اضافہ، پھیری لگانے والے مزدور بھی متاثر، قیمتیں کم کرنے مطالبہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی )پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کرمپور میں ٹیکسی کاروں کا کاروبار شدید متاثر ہونے لگا، جبکہ محنت کش اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں کے مطابق مہنگے پٹرول کے باعث انہوں نے غیر ضروری آمدورفت محدود کردی ہے ، جس سے ٹیکسی ڈرائیوروں کی آمدنی میں کمی ہوئی ہے ۔ پٹرول پمپوں پر بھی فروخت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آرہی ہے ۔ موٹر سائیکلوں پر پھیری لگا کر روزگار کمانے والے مزدوروں کا کہنا ہے کہ پٹرول کے بڑھتے اخراجات کے باعث کام جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے ۔ ٹیکسی ڈرائیوروں کے مطابق پٹرول پر ہونے والے اخراجات نکالنے کے بعد گھریلو ضروریات کیلئے بہت کم رقم بچتی ہے ، جبکہ عام شہریوں کیلئے ٹیکسی کا سفر بھی مہنگا ہوتا جارہا ہے ۔ دوسری جانب ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ شہریوں کے مطابق کرمپور سے وہاڑی اور میلسی کا تقریباً 18 سے 20 کلومیٹر سفر کرنے کیلئے 200 روپے تک کرایہ وصول کیا جارہا ہے ، جس سے غریب اور متوسط طبقے پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے ۔ شہریوں نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی کے باعث روزمرہ زندگی مشکل ہوگئی ہے اور محنت کش طبقہ شدید مالی دباؤ کا شکار ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف اور محنت کشوں کو روزگار جاری رکھنے میں سہولت مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments