پرانا خانیوال میں صفائی کی ناقص صورتحال، گندگی کے ڈھیر

پرانا خانیوال میں صفائی کی ناقص صورتحال، گندگی کے ڈھیر

گلیوں محلوں میں تعفن، مچھروں اور مکھیوں کی افزائش، فوری صفائی کا مطالبہ

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) پرانا خانیوال میں صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، گلیوں اور محلوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ تعفن اور بدبو نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ گندگی کے باعث مچھروں، مکھیوں اور دیگر حشرات کی افزائش میں اضافہ ہورہا ہے ، جس سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے دعوے زمینی صورتحال سے مطابقت نہیں رکھتے ۔

شہریوں نے الزام عائد کیا کہ صفائی پر مامور بعض ورکرز اور سپروائزرز سرکاری ذمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے مبینہ طور پر نجی گھروں کی صفائی میں مصروف رہتے ہیں، جبکہ عوام گندگی اور تعفن میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کے مطابق متعدد مقامات پر کچرا بروقت نہ اٹھائے جانے سے صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کا نظام مؤثر نہ ہونے کے باعث علاقے کا ماحول متاثر ہورہا ہے اور شہریوں کو روزمرہ زندگی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ پرانا خانیوال میں صفائی کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے ، گندگی کے ڈھیر اٹھوائے جائیں اور صفائی عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے ۔ شہریوں نے ذمہ دار افسران، سپروائزرز اور اہلکاروں کے خلاف غفلت ثابت ہونے پر کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...