کرمپور ہسپتال میں طبی سہولتوں کا فقدان،مریض پریشان
ڈاکٹرز، ادویات اور تشخیصی سہولتیں کم، ایکسرے ، ڈینٹل یونٹ بھی غیر فعال
وہاڑی (نمائندہ خصوصی )رورل ہیلتھ سنٹر کرمپور (مریم نواز شریف ہسپتال) میں طبی سہولیات کی کمی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال کی وسیع عمارت اور بنیادی ڈھانچے کے باوجود علاج معالجے کی ضروری سہولیات دستیاب نہیں۔ ہسپتال میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی کمی کے ساتھ ادویات کی عدم دستیابی بھی مریضوں کیلئے پریشانی کا باعث بن رہی ہے ۔ شہریوں کے مطابق ہسپتال میں پہلے فعال ایکسرے یونٹ بھی بند پڑا ہے ، جبکہ ڈینٹل سرجن کی اسامی خالی ہونے کے باعث ڈینٹل یونٹ غیر فعال ہے ۔ دیگر ضروری تشخیصی سہولیات کی کمی کے باعث مریضوں کو معمولی معائنے ، ٹیسٹ اور علاج کیلئے بھی میلسی یا وہاڑی کا رخ کرنا پڑتا ہے ، جبکہ بعض افراد نجی ڈاکٹرز اور مہنگے طبی مراکز سے علاج کرانے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کرمپور اور گردونواح کی بڑی آبادی کیلئے یہ ہسپتال انتہائی اہم ہے ، تاہم بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث انہیں سرکاری سطح پر اپنے علاقے میں علاج کی مناسب سہولت نہیں مل رہی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ہسپتال میں ڈاکٹرز، ادویات اور ضروری تشخیصی یونٹس دستیاب نہ ہوں تو اتنی بڑی عمارت سے عوام کو کیا فائدہ ہوگا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹرز و عملے کی کمی پوری، ادویات کی فراہمی، ایکسرے یونٹ فعال اور ڈینٹل سرجن تعینات کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments