کیماڑی میں 8ٹائر پائرولیسس پلانٹس پرسرگرمیاں معطل
ناکارہ ٹائروں کو بلند درجہ حرارت پر گرم کرکے ان سے تیل حاصل کیا جاتا ہےدیگر اضلاع میں بھی قانونی و ماحولیاتی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی،سیپا حکام
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے صوبے بھر میں ٹائر پائرولیسس پلانٹس کے قیام اور آپریشن پر عائد پابندی پر عمل درآمد کے سلسلے میں ضلع کیماڑی میں 8 ٹائر پائرولیسس پلانٹس کی سرگرمیاں روک دی ہیں۔یہ کارروائی وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ماحولیات محمد راہموں، سیکریٹری ماحولیات فیصل احمد عقیلی اور ڈائریکٹر جنرل سیپا ڈاکٹر عاشق علی لانگاہ کی ہدایات پر سیپا کے ریجنل ڈائریکٹر کراچی وارث علی گبول کی جانب سے تشکیل دی گئی انفورسمنٹ ٹیم نے کی۔سیپا حکام کے مطابق کارروائی سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن کے تحت کی گئی، جس کے ذریعے صوبے بھر میں ٹائر پائرولیسس پلانٹس کے قیام اور آپریشن پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے ۔ٹائر پائرولیسس کے عمل میں ناکارہ ٹائروں کو بلند درجہ حرارت پر گرم کرکے ان سے تیل، کاربن بلیک اور گیس حاصل کی جاتی ہے۔
ماحولیاتی حفاظتی اقدامات کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی صورت میں ایسے یونٹس سے دھواں، مضر صحت فضائی آلودہ عناصر اور زہریلے مرکبات خارج ہوسکتے ہیں، جو فضائی، زمینی اور آبی آلودگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔سیپا حکام کے مطابق کیماڑی میں یہ کارروائی شہر کے گنجان آباد علاقوں میں ماحول اور انسانی صحت کے لیے خطرناک سرگرمیوں کے خلاف جاری نگرانی اور ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد کا حصہ ہے ۔حکام نے مزید بتایا کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی قانونی و ماحولیاتی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments