شادمان ٹاؤن : پارک اور آئی ٹی سینٹر کی بحالی منصوبے کا افتتاح
ایک کروڑ 45لاکھ روپے کی لاگت سے 4ہزار 400مربع میٹر رقبے پر مشتمل پارک جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا آئی ٹی سینٹر کی عمارت میں 8کمرے تعمیر کیے گئے ہیں، بجلی اور پانی کی فراہمی کا انتظام بھی منصوبے میں شامل ،میئر مرتضیٰ وہاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی شادمان ٹاؤن میں پارک اور آئی ٹی سینٹر کی بحالی کے اہم منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر سٹی کونسل کے اراکین، منتخب نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ میئر کراچی نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو بہتر تفریحی، تعلیمی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے ۔ شادمان پارک کی بحالی سے علاقے کے شہریوں کو ایک بہتر، صاف ستھرا اور خوبصورت تفریحی مقام فراہم ہوا ہے ۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں پارکوں، کھیل کے میدانوں اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری کا سلسلہ جاری ہے اور بلدیاتی ادارے شہریوں کو بہتر ماحول اور سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شادمان ٹاؤن میں پارک اور آئی ٹی سینٹر کی بحالی کا منصوبہ ایک کروڑ 45 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ۔ منصوبے کے تحت 4 ہزار 400 مربع میٹر رقبے پر مشتمل پارک کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔
جبکہ شہریوں خصوصاً بچوں کے لیے پلے ایریا اور جھولوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارک کی خوبصورتی اور سبزہ کاری میں اضافے کے لیے ایک ہزار سے زائد مربع میٹر رقبے پر گھاس لگائی گئی ہے ، جبکہ سو سے زائد نئے درخت اور پودے بھی لگائے گئے ہیں۔ پارک کی بحالی کے بعد شادمان ٹاؤن کے رہائشیوں کو ایک بہتر اور خوبصورت تفریحی مقام میسر آیا ہے . میئر کراچی نے بتایا کہ منصوبے کے تحت شادمان ٹاؤن کے آئی ٹی سینٹر کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے ۔ 180 مربع میٹر رقبے پر قائم آئی ٹی سینٹر کی عمارت میں 8 کمرے تعمیر کیے گئے ہیں، جہاں دفتر، اسٹور، باورچی خانہ اور بیت الخلاء سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارک اور آئی ٹی سینٹر کے لیے بجلی اور پانی کی فراہمی کا انتظام بھی منصوبے میں شامل ہے جبکہ پارک کے سیوریج کنکشن کو بیرونی سیوریج نیٹ ورک سے منسلک کردیا گیا ہے ۔ منصوبے میں شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقے کے ماحول کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments