پنجاب تعلیمی بورڈز میں بڑی انتظامی تبدیلی کا فیصلہ
کنٹرولر امتحانات سکول ایجوکیشن سائیڈ سے تعینات کئے جائیں گے ،ذرائع
ملتان (شاہد لودھی سے )پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں بڑی انتظامی تبدیلی کا فیصلہ، کنٹرولر امتحانات سکول ایجوکیشن سائیڈ سے تعینات ہوں گے ۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لئے بڑی انتظامی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق آئندہ تمام تعلیمی بورڈز میں کنٹرولر امتحانات کی تعیناتی سکول ایجوکیشن سائیڈ سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جبکہ سیکرٹری بورڈز کی تعیناتی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی کالج سائیڈ سے میرٹ کی بنیاد پر کی جا سکے گی ۔ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران پنجاب کے تعلیمی بورڈز کی کارکردگی اور حالیہ امتحانی نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ متعدد تعلیمی بورڈز میں سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات کی اہم انتظامی پوسٹیں کئی برسوں سے خالی ہیں اور ان پوسٹوں کا اضافی چارج دیگر افسروں کے پاس ہے ، جس کے باعث بورڈز کے انتظامی و امتحانی امور متاثر ہونے کے ساتھ نظام کو مختلف مسائل کا سامنا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ نویں جماعت کے نتائج پر اعلیٰ حکام نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ پنجاب میں تعلیم کے حوالے سے جو مثبت تصویر پیش کی جا رہی تھی، امتحانی نتائج اس کے برعکس کیوں سامنے آئے اس موقع پر وزیر تعلیم کی جانب سے بھی مؤقف اختیار کیا گیا کہ بورڈز میں سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات کی مستقل نشستیں خالی ہونے کے باعث امتحانی نتائج اور مجموعی کارکردگی بہتر نہیں ہو سکی ۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن کی جانب سے اجلاس میں اہم نکتہ اٹھایا گیا کہ اس وقت تعلیمی بورڈز میں سیکرٹری یا کنٹرولر امتحانات کے فرائض انجام دینے والے بیشتر افسر کالج کیڈر سے تعلق رکھتے ہیں، جنہیں سکول سطح کی تعلیم، تدریسی نظام اور اس سطح پر درپیش مسائل کا براہ راست تجربہ نہیں سکولوں کے امتحانی نظام کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ کنٹرولر امتحانات کا منصب ایسے افسروں کو دیا جائے جو سکول ایجوکیشن کے نظام اور اس کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہوں ۔ذرائع کے مطابق اس معاملے پر اعلیٰ حکام نے فوری طور پر فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں کنٹرولر امتحانات اسکول ایجوکیشن سائیڈ سے تعینات کرنے کی منظوری دی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments