کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی ،صفائی، پانی اور ہائوس ٹیکسزمیں کمی
ہاؤس ٹیکس میں 10فیصد کمی،ایک تا 3مرلے صفائی چارجز 175روپے ماہانہبل ادائیگی کیلئے 3اقساط کی سہولت، سابقہ سرچارجز ختم ،ملک ابرار و دیگر کی پریس کانفرنس
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کابینہ ڈویژن ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ عوامی احتجاج پر عوامی نمائندوں اور کنٹونمنٹ بورڈ کی کمیٹی کے مابین ٹیکسز کمی پر اتفاق رائے طے پا گیا ہے ،صفائی، پانی اور ہائوس ٹیکسزمیں کمی کر دی گئی ہے ، بھاری ٹیکسوں کی ادائیگی کیلئے شہریوں کو کم از کم 3اقساط کی سہولت دی جائے گی اور ترمیمی ایکٹ 2023کے تحت سابقہ بقایا جات پر لاگو سرچارج مکمل ختم کر دیا گیا ہے ۔ددوچہ ڈیم سے راولپنڈی کینٹ کیلئے یومیہ ڈیڑھ کروڑ گیلن پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی،کینٹ کے واٹر ٹینکس اور ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کیلئے 10کروڑ روپے فراہم کر دیئے گئے ہیں۔
ایم پی اے ملک افتخار ، بورڈ کے سابق وائس صدر ملک منیر ، عرفان امتیاز اور سابق اراکین ملک طاہر ایوب اور دیگر کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ملک ابرار نے بتایا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے صفائی، پانی اور ہاؤس ٹیکسز میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا تھا جس سے کینٹ کا ہر طبقہ متاثر ہوا اور عوام سراپا احتجاج تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈور ٹو ڈور صفائی کے تحت تنگ گلیوں اور گنجان آبادیوں کے پیش نظر رہائشی صفائی چارجز کم کر کے 1تا 3مرلہ کیلئے 2,100روپے سالانہ (175روپے ماہانہ)، 3تا 5مرلہ کیلئے 3,200روپے سالانہ (266روپے ماہانہ) اور 5تا 7مرلہ کیلئے 4,400روپے سالانہ (366روپے ماہانہ) مقرر کیے گئے ہیں۔
، جبکہ 7 تا 10 مرلہ 5,200 روپے ، 10 تا 15 مرلہ 7,000 روپے اور 15 تا 20 مرلہ کے لیے 10,000 روپے سالانہ ہوں گے ۔ کمرشل صفائی کی تمام کیٹگریز ختم کر کے صرف اے آر وی (ARV) کا 1 فیصد وصول کیا جائے گا اور کینٹ چار ماہ کے اندر وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب طرز کا ماڈل اپنائے گی۔اسی طرح پانی کے سالانہ نرخوں میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے جس کے تحت 1 تا 5 مرلہ کے نرخ 14,400 سے کم کر کے 10,800 روپے ، 5 تا 7 مرلہ کے نرخ 20,400 سے کم کر کے 18,800 روپے اور 7 تا 10 مرلہ کے چارجز 30,600 سے کم کر کے 28,000 روپے سالانہ کر دیے گئے ہیں، جبکہ 10 تا 15 مرلہ 37,000 روپے اور 15 تا 20 مرلہ 40,000 روپے سالانہ ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments