سکولوں ، اکیڈمیوں کے باہر تجاوزات ختم کرنیکی ہدایت
تعلیمی اداروں کے باہر ٹریفک مسائل کے حل کیلئے خصوصی اقدامات کافیصلہ
لاہور( سٹاف رپورٹر سے )ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں تعلیمی اداروں کے باہر ٹریفک مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے ۔ سکولوں کے باہر بچوں کو اتارنے اور بٹھانے کے لیے مخصوص جگہ نہ ہونے کے باعث گاڑیاں سڑک پر رکتی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے ۔ڈراپ لین کی فراہمی سے گاڑیوں کو مرکزی سڑک سے ہٹ کر بچوں کو اتارنے اور بٹھانے کی سہولت مل سکے گی، جبکہ غیر ضروری رکنے کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹیں کم کرنے میں مدد ملے گی۔ڈی جی ایل ڈی اے نے سکولوں اور اکیڈمیوں کے باہر قائم تجاوزات ختم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ تجاوزات کے باعث سڑکوں کی دستیاب گنجائش متاثر ہوتی ہے اور مصروف اوقات میں گاڑیوں کی آمدورفت میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ٹریفک انتظامات بہتر بنانے کے منصوبے میں بچوں کے محفوظ سڑک عبور کرنے کے لیے زیبرا کراسنگ کی فراہمی بھی شامل ہے ۔ اس کے ساتھ ٹریفک سائن بورڈز نصب کرنے اور سائن ایج نمایاں بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ایل ڈی اے کی خصوصی مہم کے تحت تعلیمی اداروں کے اطراف ٹریفک مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments