راولپنڈی،سرکاری کالجز میں انٹرمیڈیٹ داخلے 75فیصد کم

راولپنڈی،سرکاری کالجز میں انٹرمیڈیٹ داخلے 75فیصد کم

مجموعی طور پر 15ہزار 167طلباء و طالبات نے داخلہ کیلئے رجوع کیا سب سے زیادہ داخلہ فارم گارڈن کالج میں جمع ہوئے ،اعداد و شمار جاری

راولپنڈی( خاورنوازراجہ ) راولپنڈی ڈویژن کے 104 سرکاری پوسٹ گریجویٹ، گریجویٹ اور ایسوسی ایٹ کالجز میں ایف اے ، ایف ایس سی میں داخلوں کے لیے مجموعی طور پر 15 ہزار 167 طلباء و طالبات نے داخلہ کے لیے رجوع کیا ، سرکاری کالجز میں میٹرک پاس طلباء و طالبات کے داخلوں کا رجحان 75 فیصد کم رہا۔راولپنڈی تعلیمی بورڈ میں راولپنڈی ڈویژن کے 6 اضلاع میں سرکاری سکولوں کے 61,284 پاس ہوئے جبکہ پاس طلبا و طالبات میں سے صرف 15,167 نے ایف اے /ایف ایس سی میں داخلہ فارم جمع کروائے ۔ 24.75 فیصد طلبا و طالبات نے سرکاری کالجز میں داخلے کے لیے فارم جمع کروائے ، تقریباً 75.25 فیصد نے سرکاری کالجز میں داخلوں پر عدم اعتماد کیا۔ اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی ضلع اور مری کے 13 گریجویٹ کالجز میں مجموعی طور پر 3 ہزار 296 طلباء و طالبات نے داخلہ فارم جمع کرائے ۔ ان کالجز میں سب سے زیادہ داخلہ فارم گورنمنٹ گریجویٹ کالج راولپنڈی (گارڈن کالج) میں جمع ہوئے ، جہاں 538 طلباء و طالبات نے فارم جمع کرایا۔دوسرے نمبر پر پوسٹ گریجویٹ ویمن کالج گوجر خان رہا، جہاں 431 طالبات نے داخلہ فارم جمع کرائے ، جبکہ تیسرے نمبر پر پوسٹ گریجویٹ ویمن کالج بی بلاک میں 413 طالبات نے داخلے کے لیے فارم جمع کرایا۔

اسی طرح راولپنڈی ضلع کے ایسوسی ایٹ کالجز میں مجموعی طور پر 4 ہزار 927 طلباء و طالبات نے داخلہ فارم جمع کرائے ۔ ان میں سب سے زیادہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ ویمن کالج ڈھوک سیداں راولپنڈی میں 296 فارم جمع ہوئے ۔گورنمنٹ ایسوسی ایٹ ویمن کالج ڈھوک حسو میں 287 طالبات نے داخلہ فارم جمع کرایا اور یہ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ ویمن کالج جھنڈا چیچی میں 274 فارم جمع ہوئے اور یہ تیسرے نمبر پر رہا۔اعداد و شمار کے مطابق تلہ گنگ اور چکوال اضلاع کے 21 سرکاری کالجز میں مجموعی طور پر 1 ہزار 744 طلباء و طالبات نے داخلہ فارم جمع کرائے ۔ ان میں 4 گریجویٹ کالجز کے 908 جبکہ 17 ایسوسی ایٹ کالجز کے 836 طلباء و طالبات شامل ہیں۔ضلع اٹک کے 16 سرکاری کالجز میں مجموعی طور پر 2 ہزار 585 طلباء و طالبات نے داخلہ فارم جمع کرائے ۔ ان میں 14 ایسوسی ایٹ کالجز میں 1 ہزار 709 جبکہ 2 گریجویٹ کالجز میں 876 طلباء و طالبات نے داخلے کے لیے فارم جمع کرائے ۔اسی طرح ضلع جہلم کے 14 سرکاری کالجز میں مجموعی طور پر 2 ہزار 615 طلباء و طالبات نے داخلہ فارم جمع کرائے ۔ ان میں 9 ایسوسی ایٹ کالجز کے 1 ہزار 215 جبکہ 5 گریجویٹ کالجز کے 1 ہزار 400 طلباء و طالبات شامل ہیں۔ یوں سرکاری کالجز میں داخلوں کا تناسب تقریباً 24.75 فیصد رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...