ایمرسن، کم تعداد والے بی ایس پروگرامز ختم کرنیکا فیصلہ

ایمرسن، کم تعداد والے بی ایس پروگرامز ختم کرنیکا فیصلہ

20سے کم تعداد والے پروگرامز کے طلبہ دوسرے شعبوں میں شفٹ کئے جائینگے

ملتان(خصوصی رپورٹر)ایمرسن یونیورسٹی میں کم تعداد والے بی ایس پروگرامز ختم کرنے کا فیصلہ، داخلہ لینے والے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا تفصیل کے مطابق ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں کم انرولمنٹ والے بی ایس پروگرامز کو ختم کرنے اور ان میں زیرتعلیم طلبہ کو دوسرے شعبہ جات میں منتقل کرنے کے فیصلے نے طلبہ کے مستقبل پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 20 سے کم طلبہ پر مشتمل بی ایس کلاسز کو جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جبکہ طلبہ کو ایک شعبے سے دوسرے شعبے میں ایڈجسٹ یا منتقل کرنے کے لئے 10 ستمبر 2026 شام 4 بجے تک حتمی مہلت دی گئی تھی ۔ذرائع کے مطابق ایمرسن یونیورسٹی میں فال سمسٹر 2026 کے دوران متعدد بی ایس پروگرامز میں طلبہ کی تعداد مقررہ حد سے کم رہ گئی، جس کے بعد انتظامیہ نے کم انرولمنٹ والی کلاسز کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ 20 سے کم طلبہ کے داخلے والی بی ایس کلاسز کو جاری نہیں رکھا جائے گا اور ایسے طلبہ کو دیگر اکیڈمک ڈیپارٹمنٹس میں ایڈجسٹ یا منتقل کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن میں تمام شعبہ جات کے سربراہان اور پروگرام کوآرڈینیٹرز کو ہدایت کی گئی تھی کہ طلبہ کی ایڈجسٹمنٹ یا ٹرانسفر سے متعلق تمام کیسز حتمی شکل دے کررپورٹ ڈائریکٹر اکیڈمکس کے دفتر بھجوائے جائیں۔ نوٹیفکیشن کو حتمی اور ناقابل توسیع قرار دیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال اس وقت مزید تشویشناک بن گئی ہے ۔جب متعدد طلبہ مخصوص بی ایس پروگرامز میں داخلہ حاصل کرنے کے بعد فیسیں جمع کرا چکے ہیں اور اپنے تعلیمی مستقبل کی منصوبہ بندی بھی اسی ڈسپلن کو سامنے رکھتے ہوئے کر چکے ہیں اب کم انرولمنٹ کو بنیاد بنا کر کلاسز ختم کرنے کی صورت میں ان طلبہ کو ایسے شعبوں میں منتقل کیا جا سکتا ہے جو شاید ان کی پہلی ترجیح ہی نہ ہوں۔طلبہ و والدین کا کہنا ہے کہ اگر کسی پروگرام میں داخلہ لینے کی اجازت دے کر طلبہ سے فیسیں وصول کرلی گئی ہیں تو بعد ازاں کم تعداد کو بنیاد بنا کر پروگرام یا کلاس ختم کرنے کا فیصلہ ناقابل قبول ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...