سبزی منڈی میں ناجائز فیسوں کی وصولی، آڑھتیوں کا احتجاج

سبزی منڈی میں ناجائز فیسوں کی وصولی، آڑھتیوں کا احتجاج

پارکنگ فیس کی آڑ میں انٹری فیس لینے کا الزام، حکام سے کارروائی کا مطالبہ

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) سبزی منڈی کے گیٹ پر علی الصبح آڑھتیوں نے مبینہ ناجائز فیسوں کی وصولی کے خلاف احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ سابق جنرل سیکرٹری سبزی منڈی چوہدری عبدالوحید نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انٹری فیس ختم کی جا چکی ہے ، تاہم اس کے باوجود منڈی میں داخل ہونے والی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور دیگر گاڑیوں سے مبینہ طور پر فیس وصول کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارکنگ فیس مقرر ہے تو پارکنگ کی سہولت اور گاڑیوں کی حفاظت کے عوض فیس لینے پر اعتراض نہیں، تاہم منڈی میں داخل ہونے والے کسانوں اور شہریوں سے انٹری فیس کے نام پر رقم وصول کرنا قابل قبول نہیں۔ مظاہرین کے مطابق موٹر سائیکل سے 50 روپے جبکہ رکشہ اور دیگر گاڑیوں سے 100 سے 200 روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں اور یہ سلسلہ گزشتہ دو ماہ سے جاری ہے ۔ انہوں نے مبینہ فیس وصولی کے ورک آرڈر کی قانونی حیثیت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے شفاف جانچ کا مطالبہ کیا۔ آڑھتیوں، دکانداروں اور متاثرہ افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری، سیکرٹری زراعت، کمشنر ڈیرہ غازی خان اور ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو سے فوری نوٹس، شفاف انکوائری اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...