میپکو ،بجلی نظام کی بہتری کے 11 منصوبے مکمل
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے شعبہ پراجیکٹ کنسٹرکشن نے انرجی لاس ریڈکشن (ELR) پروگرام کے تحت بجلی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے ، لائن لاسز میں کمی اور صارفین کو بہتر وولٹیج کی فراہمی کیلئے ہائی ٹینشن اور لو ٹینشن نیٹ ورک کی ری کنڈکٹرنگ، ایریا پلاننگ اور ری ہیبلیٹیشن کے 11 منصوبے مکمل کرلئے ۔
ان منصوبوں پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 77 لاکھ روپے لاگت آئی۔ایڈیشنل چیف انجینئر کنسٹرکشن فرحان شبیر ملک کی نگرانی میں مظفرگڑھ، رحیم یار خان اور وہاڑی سرکلز میں 3 ہائی ٹینشن فیڈرز کی ری کنڈکٹرنگ، ایریا پلاننگ اور ری ہیبلیٹیشن کے منصوبے مکمل کئے گئے۔ ، جن پر مجموعی طور پر 60 لاکھ 68 ہزار روپے لاگت آئی۔ مظفرگڑھ کنسٹرکشن ڈویژن کے 11 کے وی لتی ون فیڈر کی ایریا پلاننگ اور ری کنڈکٹرنگ پر 12 لاکھ 66 ہزار روپے خرچ ہوئے ۔رحیم یار خان کنسٹرکشن ڈویژن کے 11 کے وی سیٹلائٹ ٹاؤن فیڈر کی ایریا پلاننگ پر 19 لاکھ 93 ہزار روپے جبکہ وہاڑی کنسٹرکشن ڈویژن کے 11 کے وی سٹی ون، ٹو، تھری اور کلب روڈ فیڈرز کی ایریا پلاننگ و ری ہیبلیٹیشن پر 28 لاکھ روپے سے زائد لاگت آئی۔ اس کے علاوہ لائن لاسز میں کمی کیلئے 8 لو ٹینشن اسکیمیں بھی مکمل کی گئیں، جن پر تقریباً ایک کروڑ 16 لاکھ روپے خرچ ہوئے ۔یہ منصوبے بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، خانیوال، ملتان، مظفرگڑھ اور وہاڑی سرکلز میں مکمل کئے گئے ۔ فرحان شبیر ملک نے کہا کہ منصوبوں کا مقصد لائن لاسز میں کمی، بجلی کی ترسیلی استعداد بڑھانا، وولٹیج میں بہتری اور صارفین کو مستحکم بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments