سیوریج لائنوں کی صفائی مہم تیز، عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کا حکم
لائنوں میں جمع مٹی، گندگی ودیگر رکاوٹیں دور کرکے نکاسی آب کی استعداد برقرار رکھنے کیلئے ڈی سلٹنگ کا کام تسلسل سے جاری، حساس علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے ،فرحان مجتبیٰ
ملتان (وقائع نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ملتان میں نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کیلئے واسا کی جانب سے سیوریج لائنوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کا عمل مسلسل جاری ہے ۔ ضلعی انتظامیہ بھی صفائی مہم کی نگرانی کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز فرحان مجتبیٰ خان نے گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے واسا کی جدید مشینری کے ذریعے جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر ورکس حافظ محمد وقاص بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈائریکٹر ورکس نے انہیں جاری آپریشن، استعمال ہونے والی مشینری اور فیلڈ عملے کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ڈی واسا فیصل شوکت کی سربراہی میں سیوریج لائنوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کا کام تسلسل سے جاری ہے تاکہ لائنوں میں جمع مٹی، گندگی اور دیگر رکاوٹیں دور کرکے نکاسی آب کی استعداد برقرار رکھی جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ مون سون کے دوران بھی سیوریج لائنوں اور نالوں کی صفائی کرکے مختلف علاقوں میں بارشی پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ صفائی آپریشن مزید تیز کیا جائے ، شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ اور حساس علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے فیلڈ عملے اور مشینری کی کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی کی بھی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments