پیف سکولوں میں بچوں کیلئے حفاظتی اقدامات کا حکم
کلاس رومز، واش رومز، برآمدوں ، چھتوں میں موجود دراڑوں اور ٹوٹ پھوٹ کی فوری مرمت ، کھلی یا ننگی بجلی کی تاریں فوری ہٹائی ،سوئچ بورڈز بچوں کی پہنچ سے دورمناسب اونچائی پر رکھے جائیںبلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کی بروقت تجدید لازمی قرار، حفاظتی انتظامات میں غفلت کے باعث حادثہ پیش آنے پر متعلقہ سکول انتظامیہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،نیا سرکلر جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) نے پارٹنر اور لائسنس یافتہ سکولوں میں زیرتعلیم طلبہ و طالبات کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اہم حفاظتی اقدامات کیلئے حکم جاری کردیا۔ پیف کے ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کی جانب سے صوبے بھر کے سکولوں کو حفاظتی تدابیر پر مبنی نیا سرکلر جاری کیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سکول انتظامیہ کو کلاس رومز، واش رومز، برآمدوں اور چھتوں میں موجود دراڑوں اور ٹوٹ پھوٹ کی فوری مرمت کرانے کا پابند بنایا گیا ہے ۔ سکول عمارت میں کھلی یا ننگی بجلی کی تاریں رکھنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ تمام تاروں کو پائپوں یا ڈکٹس میں محفوظ کرنے جبکہ سوئچ بورڈز بچوں کی پہنچ سے دور مناسب اونچائی پر نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ پرانی یا کٹی ہوئی تاروں پر عارضی ٹیپ لگانے کے بجائے انہیں مکمل تبدیل کرنے کا کہا گیا ہے ۔ الیکٹرک واٹر کولر، پنکھوں اور موٹروں کی ارتھنگ بھی مستند الیکٹریشن سے باقاعدگی سے چیک کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ پیف انتظامیہ نے سکول بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کی بروقت تجدید لازمی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حفاظتی انتظامات میں غفلت کے باعث حادثہ پیش آنے پر متعلقہ سکول انتظامیہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments