نوجوانوں میں سچائی،دیانتداری پروان چڑھائی جائے ،مقررین
سائبر بلنگ، غیر مصدقہ معلومات کے پھیلاؤ اور ڈیجیٹل بدسلوکی کو روکا جائے
ملتان (خصوصی رپورٹر) دی ویمن یونیورسٹی ملتان میں چھٹی دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس ڈیجیٹل عہد میں نوجوان نسل اور خاندانی نظام کو درپیش اخلاقی، نفسیاتی اور معاشرتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جامع سفارشات اور مشترکہ اعلامیے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کے اعلامیے میں سیرتِ طیبہ ﷺ کی آفاقی تعلیمات کی روشنی میں ڈیجیٹل اخلاقیات کے فروغ، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال، مصنوعی ذہانت سے وابستہ اخلاقی تقاضوں، نوجوانوں کی کردار سازی اور خاندانی اقدار کے تحفظ کے لئے مربوط اور قابلِ عمل حکمتِ عملی اختیار کرنے پر زور دیا گیا ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ علوم اسلامیہ اور شعبہ عربی کے باہمی اشتراک سے کانفرنس کا مرکزی موضوع ‘‘ڈیجیٹل عہد میں نوجوان اور خاندان: اخلاقی و معاشرتی چیلنجز، سیرتِ طیبہ ﷺ کے رہنما اصول اور عملی لائحہ عمل’’ تھا۔ دو روزہ علمی و تحقیقی نشستوں میں ملکی و بین الاقوامی علمائے کرام، ماہرینِ تعلیم اور محققین نے جدید ٹیکنالوجی کے انسانی رویوں، نوجوانوں کی فکری و نفسیاتی تربیت، خاندانی روابط اور معاشرتی اقدار پر مرتب ہونے والے اثرات کا سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں جائزہ لیا۔ کانفرنس کے لیے تقریباً 80 تحقیقی خلاصے موصول ہوئے ، جبکہ مختلف علمی نشستوں میں منتخب تحقیقی مقالات پیش کیے گئے ۔مشترکہ اعلامیے میں سفارش کی گئی کہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال کے لیے سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات پر مبنی جامع اخلاقی رہنما اصول وضع کیے جائیں۔ نوجوانوں میں سچائی، دیانت داری، معلومات کی تصدیق، مثبت ابلاغ، آن لائن رازداری اور دوسروں کے احترام کو فروغ دینے کے ساتھ سائبر بلنگ، غیر مصدقہ معلومات کے پھیلاؤ اور ڈیجیٹل بدسلوکی کی روک تھام کے لیے مؤثر آگاہی اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments