سرکاری سکولوں میں ایس ٹی آئیز کی بھرتیاں التوا کا شکار

 سرکاری سکولوں میں ایس ٹی آئیز کی بھرتیاں التوا کا شکار

انٹرویو پینلز تشکیل نہ پاسکے ، ویب سائٹ بھی بند، نئے شیڈول کا انتظار

ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب کے سینکڑوں سرکاری سکولوں میں سکول ٹیچر انٹرنز (ایس ٹی آئیز) کی بھرتیوں کا عمل تاحال التوا کا شکار ہے ، جس کے باعث امیدواروں کو انٹرویوز اور بھرتیوں کے آئندہ شیڈول سے متعلق غیر یقینی صورت حال کا سامنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایس ٹی آئیز کی بھرتیوں کے لئے تحصیل کی سطح پر انٹرویو پینلز تشکیل دیئے جانے تھے ، جن میں سکول ہیڈ، سکول کونسل کے ایک رکن اور محکمہ تعلیم کے نمائندے کی شمولیت لازمی ہے ، تاہم ان پینلز کی تشکیل کے حوالے سے تاحال خاطر خواہ پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔

پینلز قائم نہ ہونے کے باعث انٹرویوز کا انعقاد بھی ممکن نہیں ہو سکا۔ذرائع کے مطابق امیدواروں کو انٹرویوز کے لئے کالز یا دیگر ذرائع سے باضابطہ اطلاع بھی نہیں دی گئی، جبکہ بھرتیوں کے لئے قائم ایس ٹی آئیز کی ویب سائٹ تکنیکی خرابی کے باعث بند ہے ۔ ویب سائٹ کی بندش سے امیدواروں کو بھرتیوں سے متعلق معلومات اور تازہ صورت حال جاننے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔واضح رہے کہ ایس ٹی آئیز کی بھرتیوں کا مقصد سرکاری سکولوں میں تدریسی ضروریات پوری کرنے کے لئے عارضی بنیادوں پر اساتذہ کی خدمات حاصل کرنا ہے ۔ مقررہ تاریخوں پر انٹرویوز نہ ہونے اور نئے شیڈول کا اعلان نہ کئے جانے سے امیدواروں میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...