گندم کی غیرقانونی سمگلنگ روکنے کیلئے ایکشن، 9 فلور ملز کے لائسنس منسوخ
9لاکھ روپے جرمانہ عائد،گاڑیاں ضبط کرلی گئیں،گندم ترسیل کی گاڑیوں پر گہری نظر رکھی جارہی، غیر قانونی سمگلنگ پر قانون حرکت میں آئے گا، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ضلع ملتان میں گندم کی غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گندم کی غیر قانونی نقل و حرکت روکنے ، ذخیرہ اندوزی کے خاتمے اور غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لئے کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے ۔اس سلسلے میں ایک ہفتے کے دوران محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق جاری کارروائیوں کے دوران 9 فلور ملوں کے لائسنس منسوخ کرنے کے لئے ایکشن لیا گیا، جبکہ خلاف ورزیوں پر 9 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
مزید برآں، قانونی کارروائی کے تحت 9 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں اور 9 گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی ٹیمیں گندم کی نقل و حرکت کی نگرانی، غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اس سلسلے میں گندم کی ترسیل کرنے والی گاڑیوں کی چیکنگ اور مشکوک نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ہدایت کی ہے کہ گندم کی غیر قانونی نقل و حرکت اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ غذائی تحفظ اور گندم کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے حکومتی احکامات پر عمل درآمد کیا جائے گا۔محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق گندم کی غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ گندم کی قانونی ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے اور غذائی تحفظ کے حکومتی اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments