زرعی یونیورسٹی کی طالبات نے علی بابا اے آئی ہیکاتھون جیت لیا
منصوبے پر پہلی پوزیشن، طالبات نے دو ہزار ڈالر انعام بھی حاصل کیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی ملتان کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کی طالبات سجدہ مریم اور فاطمہ سحر علی نے ‘‘علی بابا کلاؤڈ اے آئی ہیکاتھون پاکستان 2026’’ کے ایجوکیشن ٹریک میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے یونیورسٹی اور ملک کا نام روشن کر دیا۔ طالبات نے اپنے جدید منصوبے ‘‘EduInsight AI’’ کے ذریعے ملک بھر کی ٹیموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 2 ہزار امریکی ڈالر کا نقد انعام بھی جیت لیا۔‘‘EduInsight AI’’ کثیراللسانی مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام ہے ، جو طلبہ کی آرا اور تجاویز کا تجزیہ کرکے تعلیمی اداروں کو مسائل کی نشاندہی، تعلیمی ماحول بہتر بنانے اور مؤثر فیصلے کرنے میں معاونت فراہم کرتا ہے ۔ اس منصوبے کو تعلیمی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال کی اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے ۔کامیابی کے بعد طالبات کو 24 اکتوبر 2026 کو اسلام آباد کے پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں منعقدہ قومی گرینڈ فائنل میں بھی مدعو کیا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز) نے طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی یونیورسٹی میں معیاری تعلیم، تحقیق، جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے وژن کی عکاس ہے ۔ نوجوانوں، بالخصوص طالبات میں مصنوعی ذہانت اور جدید علوم کے میدان میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں مناسب رہنمائی اور مواقع دے کر قومی و عالمی سطح پر کامیابیوں میں بدلا جا سکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments