کیری ڈبہ چوری کرنے والے 3چور عوام کے ہتھے چڑھ گئے
دوکوٹہ (نامہ نگار) دوکوٹہ کے نواحی علاقے میں کیری ڈبہ چوری کرکے فرار ہونے والے چار ملزمان میں سے تین کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔۔
ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ گاڑی اور بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کسووال، تحصیل چیچہ وطنی، ضلع ساہیوال کے علاقے 39/14L سے گزشتہ رات چار ملزمان محمد عرفان ولد عبدالحمید قوم رحمانی کا کیری ڈبہ چوری کرکے لے گئے ۔ صبح متاثرہ شخص کو واردات کا علم ہوا تو اس نے 15 پر کال کرنے کے ساتھ ٹریکر کمپنی سے بھی رابطہ کیا۔ کمپنی کی جانب سے گاڑی کی لوکیشن دوکوٹہ کے نواحی علاقوں میں بتائی گئی۔ متاثرہ شخص نے اڈا پکی کوٹھی پر موجود اپنے عزیزوں کو اطلاع دی، جنہوں نے ٹریکر کی نشاندہی کے مطابق موضع لالو کے قریب ناکہ لگا کر تین ملزمان اظہر ولد نذر، عباس ولد جج اور کاشف علی کو قابو کر لیا، جبکہ چوتھا ملزم شان ولد رؤف فرار ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او مترو زبیر سندھو، انچارج چوکی دوکوٹہ رانا عاطف اور انچارج سی سی ڈی میلسی رانا مختیار اپنی ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ۔ پولیس نے ملزمان سے کلاشنکوف، رائفل، پستول اور چوری شدہ کیری ڈبہ تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں کسووال پولیس بھی چوکی دوکوٹہ پہنچ گئی، جہاں افسران کی ہدایت پر گرفتار ملزمان، برآمد شدہ اسلحہ اور گاڑی تھانہ کسووال پولیس کے حوالے کر دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments