تعلیمی بورڈز کے ملازمین کا قلم چھوڑ احتجاج ختم، ہڑتال واپس

تعلیمی بورڈز کے ملازمین کا قلم چھوڑ احتجاج ختم، ہڑتال واپس

محکمہ ہائر ایجوکیشن کی اثاثے منتقل نہ کرنے کی یقین دہانی، ملک نثار کے مذاکرات

ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کے ملازمین نے محکمہ ہائر ایجوکیشن کے نمائندوں سے کامیاب مذاکرات کے بعد قلم چھوڑ احتجاج ختم کرنے اور ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کر دیا۔ مذاکرات میں تعلیمی بورڈز کے اثاثہ جات کسی دوسرے ادارے یا محکمے کو منتقل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، جس پر پنجاب ایجوکیشن بورڈز ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن (ایچ ای ڈی) کے نمائندوں اور ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے ، جن میں ایسوسی ایشن کے وفد کی سربراہی ملک نثار احمد نے کی۔ اجلاس کے دوران محکمے کے نمائندوں نے واضح یقین دہانی کرائی کہ تعلیمی بورڈز کے اثاثہ جات یا دیگر وسائل کسی دوسرے ادارے کو منتقل نہیں کئے جائیں گے ۔ اس یقین دہانی کے بعد فیڈریشن کی قیادت نے پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے مشاورت کی، جس میں متفقہ طور پر احتجاج ختم کرنے اور ہڑتال کی کال واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ایسوسی ایشن کے صدر ملک نثار احمد نے مذاکرات کو بورڈز ملازمین کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں بورڈز کے تمام اثاثہ جات منتقل کرنے کی بات کی جا رہی تھی۔ بعدازاں 20 فیصد اثاثہ جات کی منتقلی کی تجویز سامنے آئی، تاہم ملازمین کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں اب کسی قسم کے اثاثہ جات منتقل نہ کرنے کی یقین دہانی حاصل کر لی گئی ہے۔

رہنماؤں نے اس کامیابی پر پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی مشترکہ جدوجہد اور اتحاد کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے محکمہ ہائر ایجوکیشن کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے مثبت کردار اور ملازمین کے مؤقف کی حمایت کو بھی سراہا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...