ضلع وہاڑ ی میں گندم کی کاشت کا 61 فیصد ہدف مکمل
اہداف بروقت مکمل ، فیلڈ مانیٹرنگ ، کسانوں کو سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب چوہدری شہباز اختر نے کہا ہے کہ گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف کا بروقت حصول، کسان دوست اسکیموں پر عملدرآمد اور کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی محکمہ زراعت کی اہم ترجیحات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع وہاڑی میں ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع وہاڑی رانا محمد عارف نے گندم کی کاشت مہم 2026-27ء کے اہداف اور پیش رفت پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ ضلع میں گندم کی کاشت کا ہدف 4 لاکھ 65 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے ، جس میں سے اب تک 61 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا ہے ۔ لائنوں میں کاشت کا ہدف 11 ہزار 655 ایکڑ، تصدیق شدہ بیج کے استعمال کا ہدف 23 ہزار 438 ایکڑ جبکہ 20 نومبر سے قبل کاشت کا ہدف 4 لاکھ 19 ہزار 200 ایکڑ ہے ۔
اجلاس میں گرین ٹریکٹر اسکیم کے چوتھے مرحلے میں ساڑھے سات لاکھ اور پانچویں مرحلے میں 10 لاکھ روپے حکومتی سبسڈی، اپنی کھیت اپنا روزگار اسکیم، مستحق کسانوں میں پے آرڈرز کی تقسیم، اراضی کی الاٹمنٹ اور کسان کارڈ ریکوری مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل نے افسران کو مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے ، مؤثر فیلڈ مانیٹرنگ اور کسانوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ویڈیو لنک اجلاس میں کسان کارڈ ریکوری کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور 70 فیصد سے کم ریکوری کرنے والے افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ انسداد سموگ اقدامات، بائیولوجیکل کنٹرول اور فصلوں کو نقصان دہ کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے افسران اور فیلڈ اسٹاف اپنی ذمہ داریاں محنت اور لگن سے ادا کریں۔ اجلاس میں ضلع بھر کے زراعت افسران اور تکنیکی عملہ بھی موجود تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments