پاک فوج سرحدوں کی محافظ قوم کے وقار کی علامت :امیر حیدر
کسی سیاست دان کو پاک فوج کیخلاف زبان درازی کی اجازت نہیں دی جا سکتی
خوشاب (نمائندہ دُنیا )استحکام پاکستان پارٹی ضلع خوشاب کے صدر اور سابق چیئرمین ضلع کونسل ملک امیر حیدر سنگھا نے کہا ہے کہ مسلح افواجِ پاکستان ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ اور قوم کے وقار کی علامت ہیں، کسی نام نہاد سیاست دان کو پاک فوج کے خلاف زبان درازی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔جوہرآباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں کیے گئے آپریشن بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی کے بعد ہماری عسکری قیادت کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی بھرپور پذیرائی ملی، جبکہ وطن دشمن عناصر کے لیے عسکری قیادت کا نام خوف کی علامت بن چکا ہے ۔ملک امیر حیدر سنگھا نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت سے وہ تمام عناصر خوفزدہ ہیں جو اسلامی جمہوریہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں میں ملوث رہے ۔ پی ٹی آئی کی جانب سے عسکری قیادت کے خلاف ہرزہ سرائی اسی خوف کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اب پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت یک جان ہو کر فتنہ الخوارج، فتنہ ہند اور ملک میں سر اٹھانے والے تمام اندرونی فتنوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔