غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کا تا حال کاروبار جاری رکھنے کا انکشاف
پراپرٹی ڈیلرز سمیت چند کاروباری افراد کا گروہ ملکر لو گوں کو لوٹنے میں مصروف
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر بھر میں قائم غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کا تا حال اپنے کاروبار جاری رکھنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ سادہ لوح شہریوں کو جعلی کاغذات دکھا کر اعتماد میں لے کر لاکھوں روپے ایڈوانس وصول کر کے انہیں خوار کرنا بدستور معمول بنا ہوا ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شہر کی متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مالکان کی جانب سے تاحال سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کا دھندہ جاری ہے ۔ شہریوں کو متعدد پراپرٹی ڈیلرز سمیت چند کاروباری افراد کا گروہ ملکر لوٹنے میں مصروف ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ مافیا سادہ لوح افراد کو ریئل اسٹیٹ کے سبز باغ دکھا کر لاکھوں روپے ایڈوانس لے کر وقتی طور پر منظر عام سے غائب ہو جاتے ہیں، بعد ازاں عرصہ گزرنے کے بعد متعلقہ افراد کے رابطہ کرنے پر کچھ رقم واپس کر کے وہی پلاٹ کسی اور فرد کے ہاتھوں بیچ دیتے ہیں۔ اس طرح ایک پلاٹ بیک وقت 2 سے 4 افراد کی ملکیت میں دے کر ہر شہری سے لاکھوں روپے ایڈوانس لے کر رفو چکر ہو جاتے ہیں، اکثریت سادہ لوح شہری قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے اداروں کو شکایت نہیں کرتے ۔ جسکی وجہ سے یہ مافیا تا حال سر گرم ہے ، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ شہر کے با اثر سیاسی افراد اس مافیا کی مکمل پشت پناہی بھی کرتے ہیں جبکہ متاثرین نے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لے کر اقدامات اٹھانے اور داد رسی کا مطالبہ کیا ہے ۔