خوشاب:بانی پاکستان اور میاں نواز شریف کی سالگرہ کی تقریب
صدرات ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کی ،3 کیک کاٹے گئے ، کارکنوں کی بھر پور شرکت
خوشاب (نمائندہ دُنیا )بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی سالگرہ اور کرسمس کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سیکرٹریٹ جوہرآباد میں ایک پر وقار اجتماعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی صدرات مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے ضلعی صدر چودھری ارشد محمود ایڈووکیٹ، سابق ایم پی اے ملک جاوید اعوان، قومی اسمبلی کے رکن ملک شاکر بشیر اعوان، ملک حقنواز جوئیہ، ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد کے صدر عبدالواہب چغتائی، جنرل سیکرٹری صاحبزادہ ممتاز جاوید، مسلم لیگی عہدیداروں، کارکنوں اور عیسائی کمیونٹی کے نمائندگان سمیت معززین علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی ضلعی قیادت نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور قائد مسلم لیگ میاں نواز شریف کی سالگرہ اور مسیحی کمیونٹی کے کرسمس کے حوالے سے تین کیک کاٹے ۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کی ضلعی قیادت نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ مل کر بانی پاکستان کی سالگرہ کے حوالے سے ایک الگ کیک کاٹ کر جشن منایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے کہا کہ آج کا دن پاکستانی قوم، سیاسی اکابرین اور عیسائی کمیونٹی کے لیے یکساں اہمیت کا حامل ہے ۔