شاہ پور:قائداعظم کی سالگرہ پر گورنمنٹ کالج میں تقریب
پاکستان میں اقلیتیں اپنے حقوق کے ساتھ زندگی گزار رہی : عابد ممتاز خان
شاہ پور (نمائندہ دنیا )قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن حاصل کر کے انہیں ایک شاندار شناخت دی۔ آج پاکستان میں تمام اقلیتیں پرامن اور اپنے حقوق کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں۔یہ بات اسسٹنٹ کمشنر شاہ پور ڈاکٹر عابد ممتاز خان، پرنسپل میاں محمد اکرم اور ڈاکٹر سکندر حیات نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج شاہ پور میں قائداعظم کی پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وائس پرنسپل پروفیسر حسن سیف اللہ، پروفیسر ملک شفیق، پروفیسر مختار میکن، سینیئر لیکچرر اسسٹنٹ محمد شعیب بغدادی، ہیڈ کلرک حاجی مختار اور دیگر شہری بھی موجود تھے ۔مقررین نے کہا کہ آج پاکستان کی پہچان نہ صرف ایٹمی طاقت بلکہ تعلیمی قابلیت اور ہنر مند ماہرین کے میدان میں بھی ہے ، اور یہ سب قائداعظم کے ایماندارانہ فلسفے اور قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ قائد کے احسانات نسل در نسل منتقل ہوتے رہیں تاکہ پاکستان دنیا میں اپنا مقام قائم رکھے ۔تقریب میں یہ بھی کہا گیا کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم اپنے پیارے ملک پاکستان کے شہری ہیں۔اس موقع پر شاہ پور کے صحافیوں اور ستھرا پنجاب کے نمائندوں نے مشترکہ طور پر قائداعظم کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور ان کی یاد میں تقریب منائی گئی۔