کمشنر کا سٹی روڈ اور کچہری بازار کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ
ایگزیکٹو انجینئر فیسکو اور ایگزیکٹو انجینئر ہائی ویز نے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے سٹی بیوٹیفکیشن انیشیٹو کے تحت سٹی روڈ اور کچہری بازار میں جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر فیسکو مظہر ملک اور ایگزیکٹو انجینئر ہائی ویز ملک گلفام اعوان نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیسکو کی جانب سے سٹی روڈ پر تمام بجلی کی تنصیبات کو انڈر گراؤنڈ کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے ، جسے مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ایکسین ہائی ویز نے بریفنگ میں بتایا کہ بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت سڑک کی بہتری اور دیگر انفراسٹرکچر سے متعلق کام مرحلہ وار شروع کر دیے گئے ہیں تاکہ تمام متعلقہ اداروں کے کام باہمی ہم آہنگی کے ساتھ مکمل ہو سکیں۔معائنے کے دوران سٹی روڈ کے تاجروں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور اپنے بازار میں اس اہم منصوبے کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا۔ تاجروں نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے منصوبے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان نے اس موقع پر کہا کہ سٹی روڈ اور کچہری بازار کی بیوٹیفکیشن سے علاقے کی مجموعی شکل مکمل طور پر بدل جائے گی اور نمایاں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں کی اس طرز کی بیوٹیفکیشن پہلی مرتبہ اس سطح پر کی جا رہی ہے اور سرگودھا اس حوالے سے ایک مثال بنے گا۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اس منصوبے کی اونر شپ لیں، جاری کاموں کی مانیٹرنگ میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور بیوٹیفکیشن مکمل ہونے کے بعد بھی اسے اپنا اثاثہ سمجھ کر محفوظ رکھیں۔