مہنگائی اور محکموں کی مداخلت سے کاروباری سرگرمیاں ماند
صدر مرکزی انجمن تاجران ناصر محمود سہگل کا کاروباری ماحول پر تشویش کا اظہار
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) مرکزی انجمن تاجران شہر و ضلع سرگودھا کے صدر ناصر محمود سہگل نے کہا ہے کہ ملک میں کاروباری سرگرمیاں ہر گزرتے دن کے ساتھ کمزور ہو رہی ہیں اور مستقبل قریب میں جو بچی کچی کاروباری سرگرمیاں ہیں وہ بھی بند ہونے کے خطرے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور روزانہ نئے قوانین نے کاروباری حضرات کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں، جس کے باعث لوگ کاروبار چھوڑ کر بیرون ملک جانے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ناصر محمود سہگل نے مزید کہا کہ 36 قسم کے محکمے کاروباری مراکز پر حملہ آور ہیں، جس سے کاروبار کرنا نہ صرف مشکل بلکہ ناممکن ہو چکا ہے ۔ سرگودھا کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے مختلف بازاروں میں دکانیں حاصل کرنے کے لیے لوگ لاکھوں اور کروڑوں روپے ایڈوانس دینے کے لیے تیار ہوتے تھے ، لیکن آج یہی دکانیں کرایہ کے لیے خالی ہیں اور مختلف محکموں کی مداخلت، بھاری جرمانے اور نئے قوانین کاروباری حضرات کے لیے مشکلات کا باعث بن گئے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اسی رفتار سے کاروباری ماحول خراب ہوتا رہا تو مستقبل میں کاروبار مزید کمزور اور تاریک نظر آئے گا۔