گلی ساندھاں والی میں ناقص نکاسی آب کے باعث مسائل
گلی میں گندے پانی کے جمع ہونے کی وجہ سے لو گوں کو ؤ نے جانے میں مشکلات
کندیاں (نمائندہ دنیا )کندیاں کی گلی ساندھاں والی میں ناقص نکاسی آب کے باعث شدید مسائل پیدا ہو گئے ہیں، جس سے علاقے کے مکینوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔گلی میں گندے پانی کے جمع ہونے کی وجہ سے نہ صرف آمد و رفت متاثر ہے بلکہ شہریوں کو بنیادی مذہبی فرائض کی ادائیگی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ گزشتہ جمعہ کو متعدد نمازیوں کو نمازِ جمعہ کے لیے اسی تعفن زدہ پانی سے گزر کر مسجد جانا پڑا، جس سے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑے ہو گئے ہیں۔اہل محلہ کا کہنا ہے کہ ناقص نکاسی آب کے باعث گلی عرصہ دراز سے جوہڑ کا منظر پیش کر رہی ہے ، جس سے بچوں، بزرگوں اور خواتین کو شدید مشکلات لاحق ہیں۔ تعفن اور مچھروں کی بھرمار سے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ رہا ہے ۔مکینوں نے اس سنگین مسئلے سے اسسٹنٹ کمشنر پپلاں کو باقاعدہ طور پر آگاہ کیا، تاہم تاحال کوئی مؤثر اقدام سامنے نہیں آیا۔ علاقے کے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر میانوالی اور وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کریں۔
تاکہ گلی ساندھاں والی کے مکینوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جا سکے ۔