کندیاں میں سہولیات بہتر بنانے کیلئے تحصیل کا درجہ دینے کا مطالبہ
کندیاں (نمائندہ دنیا)سماجی رہنما حاجی ملک عطاء محمد رلاء و دیگر نے کہا ہے کہ میانوالی کے دوسرے بڑے شہر کندیاں کو تحصیل کا درجہ دیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے ۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دو لاکھ سے زائد کی کثیر آبادی کو مدنظر رکھتے ۔۔۔
ہوئے کندیاں کو تحصیل کا درجہ دینا ایک جائز مطالبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے کندیاں ضلع میانوالی کا دوسرا بڑا شہر ہے ، تاہم فراہم کی جانے والی سہولیات ناکافی ہیں۔سماجی رہنماؤں نے بتایا کہ کندیاں میں علاج معالجہ، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے ، اور تحصیل کا درجہ دینے سے عوام کی محرومیاں دور ہوں گی اور درپیش مسائل کا حل ممکن ہوگا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری طور پر کندیاں کو تحصیل کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔