مضر صحت پانی سپلائی پرواٹر فلٹریشن پلانٹ سیل ، مالک گرفتار
معروف کمپنیوں کے لیبل لگا کر پیک پانی کی بوتلوں کی بڑی تعداد برآمد
خوشاب (نمائندہ دُنیا) ڈسٹرکٹ فوڈ سیفٹی آفیسر محمد امتیاز نے الطاف ٹاؤن جوہر آباد میں اچانک چھاپہ مار کر مضر صحت پانی سپلائی کرنے والے واٹر فلٹریشن پلانٹ کو سیل کر دیا۔ کارروائی کے دوران شہر میں سپلائی کے لیے معروف کمپنیوں کے جعلی لیبل لگا کر پیک کی گئی پانی کی بوتلوں کی بڑی تعداد قبضے میں لے لی گئی۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے پلانٹ کے مالک جاوید اقبال ولد فضل حق سکنہ بلاک نمبر 29 اسلامیہ کالونی کو گرفتار کر کے سٹی پولیس جوہر آباد کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے فوڈ سیفٹی آفیسر کی مدعیت میں فوڈ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ڈسٹرکٹ فوڈ سیفٹی آفیسر نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور صحت عامہ سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔