پاکستان کی اسلامی حیثیت کو مشکوک بنانا انتشار پھیلانے کے مترادف ہے ، میاں بلال طارق
خوشاب (نمائندہ دُنیا) مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے نائب ناظم اور ممتاز مذہبی و سماجی رہنما میاں بلال طارق نے کہا ہے کہ پاکستان کی اسلامی حیثیت کو مشکوک بنانے کی کوششیں اس نظریاتی مملکت خداداد میں انتشار پھیلانے اور قوم کو گمراہ کرنے کے زمرے میں آتی ہیں۔
پاکستان کے سیاسی و مذہبی اکابرین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ وطن عزیز کے اسلامی تشخص کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ جوہر آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ آئینِ پاکستان اسلام کو ریاستی مذہب تسلیم کرتا ہے ، قراردادِ مقاصد آئین کا مستقل حصہ ہے اور آئین میں واضح طور پر درج ہے کہ کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں بنایا جا سکتا۔