بنیادی مراکز صحت کا میڈیکل ویسٹ تلف کرنے کا حکم
دیہی صحت مراکز کا عملہ انفیکشن والا فضلہ جمع کرے اور قریبی ٹی ایچ کیو ہسپتال کے ییلو روم کے عملے کے حوالے کرے
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) سیکرٹر ی ہیلتھ کی جانب سے سرگودھا سمیت ڈویژن بھر کے بنیادی مراکز صحت میں انفیکشن کنٹرول پروگرام کے تحت مناسب عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی حکومتوں کو ترجیح بنیادوں پر اقداما ت اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا اور حکم دیا ہے کہ بنیادی مراکز صحت کا میڈیکل ویسٹ تلف مناسب طربقے سے تلف کیا جائے، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ز اور سی ای اوز ہیلتھ کو جاری ہدایت نامہ میں بتایا گیا کہ مانیٹرنگ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایچ ڈبلیو ایم رولز 2014کے تحت سرگودھا ڈویژن کے دیہی مراکز صحت میں پیدا ہونے والے انفیکشن والے فضلے کی تلفی نہیں کی جا رہی جس کی وجہ سے انفیکٹڈ میڈیکل فضلے کے غلط استعمال کے امکانات بھی بڑھتے جا رہے ہیں، اس حوالے سے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں نصب انسینیریٹر کا استعمال کیا جانا چاہیے ۔ مذکورہ انسینیریٹر ایچ اینڈ آئی سی پی لاہور کی نگرانی میں کام کر رہا ہے یہ بھی ہدایت کی گئی کہ مذکورہ بالا انفیکشن والے فضلے کی جمع/تلفی سرگودھا ییلو وہیکل کے ذریعے کی جائے ۔ مزید یہ کہ اگر دیہی صحت مراکز سے جمع کرنا ممکن نہ ہو تو دیہی صحت مراکز کا عملہ انفیکشن والا فضلہ جمع کرے اور قریبی ٹی ایچ کیو ہسپتال کے ییلو روم کے عملے کے حوالے کرے ۔