لوکل گورنمنٹ ایکٹ مسترد‘یہ کالا قانون ہے ‘ ملک فضل الٰہی

لوکل گورنمنٹ ایکٹ مسترد‘یہ کالا قانون ہے ‘ ملک فضل الٰہی

حکومت بلدیاتی اداروں کو مفلوج کر رہی ، یہ آئین کی صریح خلاف ورزی ہے 15جنوری کو عوام فیصلہ کریں گے کہ وہ اس قانون کو قبول کرتے ہیں یا نہیں

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے قائم مقام ضلعی امیر ملک فضل الٰہی اعوان نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوامی اختیارات پر ڈاکہ اور کالا قانون قرار دیا ہے ۔ سرگودھا پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کے بجائے بلدیاتی اداروں کو دانستہ طور پر مفلوج کر رہی ہے ، جو آئین کی صریح خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر 15 جنوری کو پنجاب بھر میں عوامی ریفرنڈم کروایا جائے گا، جس میں عوام فیصلہ کریں گے کہ آیا وہ اس متنازع بلدیاتی قانون کو قبول کرتے ہیں یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی ریفرنڈم کے بعد اسمبلیوں کا گھیراؤ کیا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ملک فضل الٰہی اعوان نے الزام عائد کیا کہ حکومت جانتی ہے کہ اگر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کروائے گئے تو حکمران جماعت کو عوامی حمایت حاصل نہیں ہو گی، اسی لیے بلدیاتی نظام کو مسلسل التوا کا شکار بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین کو ایک ماہ کے اندر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کی شرط کو انسانوں کی منڈی لگانے کے مترادف قرار دیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں