موچھ فیڈر سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ، عوام کا جینا دوبھر ہوگیا
گھریلو امور درہم برہم ،طلبہ کی پڑھائی ،کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر
موچھ (نمائندہ دنیا)موچھ فیڈر سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ، رات بھر بجلی آنکھ مچولی کرتی رہتی ہے جبکہ صبح سویرے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے بجلی بند کر دی جاتی ہے ، شدید سردی میں بجلی کی اس بے قاعدہ بندش نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے ، گھریلو امور درہم برہم ہو چکے ہیں، طلبہ کی پڑھائی متاثر ہو رہی ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نہ صرف دن میں بلکہ رات کے اوقات میں بھی بجلی کی طویل بندش معمول بن چکی ہے جس سے بیمار، بزرگ اور بچے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، صارفین نے فیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے ، بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اگر لوڈ شیڈنگ ناگزیر ہے تو کم از کم اس کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے تاکہ شہری اپنی روزمرہ زندگی کو بہتر انداز میں منظم کر سکیں۔