حساس ادارے کی خانقاہوں کی سکیورٹی میں نقائص کی نشاندہی
سرگودھا، خوشاب ،میانوالی اور بھکر میں 65میں سے چند پر محکمہ اوقاف کا کنٹرول
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حساس ادارے نے سکیورٹی آڈٹ رپورٹ میں ریجن کی تمام خانقاہوں کے حفاظتی انتظامات میں نقائص کی نشاندہی کرتے ہوئے مجموعی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور وزارت داخلہ کو آگاہ کیا ہے کہ قبل ازیں بھی سفارشات بھجوائی گئی تھیں مگر مختلف رکاوٹوں کے باعث عملدرآمد نہیں ہو سکا، سرگودھا، خوشاب ،میانوالی اور بھکر میں مجموعی طور پر 65میں سے چند ایک درباروں کے علاوہ کوئی بھی محکمہ اوقاف کے کنٹرول میں نہیں اور نہ ہی ان کے چندہ باکس چیک کئے جاتے ہیں، سکیورٹی معاملات پر محکمہ اوقا ف حکام وسائل کی عدم دستیابی کو جواز بنا کر اس کی تمام ذمہ داری ضلعی حکومتوں پر ڈال رہے ہیں۔
جبکہ انتظامیہ کی طرف سے درباروں کو اپنے طور پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کا کہا توجا رہا ہے ، مگر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے اکثر درباروں پر سکیورٹی گارڈز،واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز،سی سی ٹی وی کیمروں کی دستیابی کے ساتھ ساتھ اہم نوعیت کے نقائص دور کرنے کے سلسلہ میں عملی اقدامات التواء کا شکار ہیں،جس وزارت داخلہ نے کمشنر سرگودھا کو فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ہے ۔